جمعہ، 22 اگست، 2025

ہم نہ باز آئیں گے !

ہم نہ باز آئیں گے !


 

دور طالبعلمی میں لیکچر کے آخر میں ایک نہ ایک پڑھاکو طالب علم کوئی سوال پوچھ لیتا اس کے جواب میں اساتذہ مزید کچھ وقت لے لیتے جس کے نتیجے میں بقیہ طالب علم احتراما تو خاموش رہتے لیکن دل ہی دل میں پیچ وتاب کھاتے اس کو گھورنے لگتے اور بعد میں اس کو خوب لتاڑتے! یہ بات ہمیں کیوں یاد آئ ! 

جب علاقے کی میٹنگ میں سہ ماہی اور رمضان کی منصوبہ بندی کے سوال پر ہم نے رمضان کے حوالے سے پارک میں میلہ/ بازار لگانے کی فرمائش کر ڈالی۔ اب پتہ نہیں  یہ ہمارا      رعب تھا یا پھر چنے چاٹ کے مزے کا کہ سب خاموش تھے بالکل اسی طرح جیسے کلاس میں ہوتا تھا لیکن بہرحال سب دل میں سوچ رہے ہوں گے شعبان میں رمضان/ عید کی تیاری ہے ، استقبال رمضان کرنے ہیں! دورہ قرآن اور ہدیہ قرآن کی مہم ہے ! راشن کی تقسیم کا معاملہ ہوگا ۔اس میں بازار کی کیا گنجائش ہے ؟   

کچھ دن بعد ناظمہ علاقہ نے مردانہ نظم سے بات کر کے منظوری دے دی اس ترمیم کے ساتھ کہ پارک کے بجائے عیدگاہ گراونڈ میں بازار لگایا جائے کیونکہ پارک کی ہئیت اونچی نیچی ہے !  ہمیں جگہ کی تبدیلی پر کوئی اعتراض نہیں تھا البتہ ساتھیوں کے رمضان کے ساتھ بازار کے لفظ پر کچھ تحفظات تھے! خیر ایک علمی اور ادبی بحث کے بعد یہ ہی طے ہوگیا کہ ہمارے بازار  خدانخواستہ کوئ بے حیائی اور بے ایمانی کا حصہ تھوڑی بنیں گے بلکہ تجارت کے اچھے پہلو کو اجاگر کریں گے ان شاءاللہ!

ہماری فرمائش اور مجوزہ بازار کے درمیان مہینہ بھر کا وقت تھا ۔۔لہذا پروگرام کا منصوبہ بنا کر ہم سکون سے بیٹھے تھے ! نہیں بھئی اطمینان تو ہماری زندگیوں سے مفقود ہے۔ امریکہ سے ہماری کزن کا خاندان کسی شادی میں شرکت کے لیے کراچی آپہنچا تھا ۔جن کے ساتھ ملاقاتیں ، دعوت ، خریداری تحائف کا لیں دین ہو رہا تھا اور ان ساری مصروفیات کے دوران ذہن میں اور موبائل کے ذریعے بازار کی تیاری  بھی جاری تھی ۔۔۔  

اس بازار کی نگران ہماری کونسلر نجیبہ نذیر کی ہدایت پر متعلقہ افراد کا واٹس اپ گروپ بنادیا تھا جس میں مشورے اور تجاویز کا سلسلہ تو ہماری کشور ظفر بہن گوہر نسرین کی مشاورت سے اسٹال کی  بکنگ کا فریضہ ذمہ داری سے ادا کر رہی تھیں۔  آئی ٹی کی ہماری پیاری حبیبہ مسلسل بازار کا پوسٹر بہتر سے بہتر بنا رہی تھی   

لیکن ان تمام کے باوجود سطح پر کچھ نمودار نہیں تھا ! اس پر دو قسم کے تبصرے سننے کو ملے :

بھئی آپ کے بازار کی کوئی خبر ظاہر نہیں ہورہی ۔۔۔کوئی بینر وینر لگائیں نا تشہیر کے لیے!" "

دوسری طرف جنہیں یہ سب کرنا کروانا تھا ، ان کے مطابق ابھی تو بہت دن ہیں !ہوجائے گا ان شاءاللہ اور ہم نے  بھی سب کچھ اللہ کے حوالے کیا ہوا تھا۔  

امریکیوں کو  واپس روانہ کیا ۔ساتھ ہی بہن کو شناختی کارڈ کی تجدید کروائی تو ایک روزہ تربیت گاہ سامنے تھی ! اور ہم ذاتی اور قومی مزاج کے مطابق سامنے کی چیز پر ہی توجہ مرکوز کرتے ہیں  لہذا یہ ہی کیا ! ہاں البتہ بازار کے دعوت نامے جس میں اسٹالز کی بکنگ کی اطلاعات تھیں ۔فوٹو کاپی کرواکر شرکاء میں تقسیم کردیے تھے!

اور پھر فروری کے آغاز میں  عشرہ کشمیر  منانے کا اعلان ہوا جس میں ہمیں بھی مقدور بھر حصہ لینا تھا ۔۔پوسٹر بناکر کشمیر واک میں شریک ہوئے اور اپنے جذبات کو مہمیز کیا ! ساتھ ساتھ استقبال رمضان کے پروگرام بھی شروع ہوچکے تھے۔



ہمیں یوٹرن لینا ہے !" 

 ان سارے تھکاوٹ بھرے دنوں میں ہمیں بازار کا منصوبہ ملتوی کرنا مناسب لگا ۔۔یہ بات سنتے ہی نجیبہ بہن ناظمہ علاقہ صائمہ خورشید کے ہمراہ ہمارے گھر آپہنچیں کہ ہمیں یوٹرن لینے سے بچاسکیں !

چائے سے لطف اندوز ہوتے ہوئے بازار کی تمام تفصیلات اور جزئیات طے کر لی گئیں ۔ جہان جہاں رابطے کرنے تھے وہ بھی فوری کرلیے کہ تیاری میں تیزی آجائے۔ ہم نے بھی فلائر کا ڈیزائن پرنٹر کو فوری بھیجا جو رات 11 بجے ہمارے ہاتھوں میں تھا ۔تقسیم کے لیے جمیعت کے  بچے کو  اگلے دن  طلب کیا جنہوں نے دو دن میں یہ کام کیا۔ کشمیر ڈے کی چھٹی کے بعد  بازار کے انعقاد میں محض دو دن بچے تھے ۔۔ 

علاقے کی ٹیم نے فوری طور پر بازار کی مجوزہ جگہ کا دورہ کرنے کے بعد رپورٹ دی کہ اس گراونڈ میں تو جھاڑیاں،  گندگی اور گٹر کا پانی ہے !۔۔یہ کل کے دن میں کیسے صاف  ہوسکے گا ؟ اور صفائی بھی اجازت نامہ سے مشروط ہے جو ابھی تک نہیں مل سکا ہے

  ذمہ داران تو مردانہ نظم سے رابطے میں جت گئے جبکہ ہم نجیبہ کے ہاتھ کے بنے  ڈیٹ پائ  اور دہی بڑے کھا کر کشمیری چائے سے لطف اندوز ہونے لگے  


 

 "جان  جائے گی اور کیا ہوگا!" 

کسی شاعر کا کلام ہمارے ذہن میں گونجا !  اونٹ کے کسی کروٹ بیٹھنے تک اطمینان کی  غنودگی تو لے لیں۔۔۔نہیں جی ! یہ کیسے ممکن ہے ؟ اسی دن شام 4 بجے کشور ظفر کے گھر تمام منتظمین کے ساتھ انتظامی امور کو حتمی شکل دینے کے لیے نشست رکھی ہے ۔

کس قدر ذہنی دباؤ کے تحت ہم اس نشست میں پہنچے اللہ ہی جانتا ہے!

 اور جیسے ہی وہاں پہنچے تو سلائ مشین مرمت کرنے والے کا فون آیا کہ میں آپ کے گیٹ پر مشین لے کر کھڑا ہوں ۔۔اف ! کل سے منتظر تھی اور ابھی بھی انتظار کر کے نکلی ہوں۔۔۔۔ ۔واپس جاکر اسے فارغ کرنا محال تھا کیونکہ ابھی تو ہماری سانسیں بھی بحال نہیں ہوئی تھیں!  خیر اے چینی کے عالم میں نماز عصر ادا کر کے جیسے ہی فارغ ہوئے فون پر خوش خبری ملی کہ اجازت مل گئی ہے اور اب صفائ ہورہی ہے    ۔



  پروگرام سو  !فی صد کنفرم ہے ان شاءاللہ 

نشست میں شریک ذمہ داران کے ساتھ انتظامات مکمل کیے اور ذمہ داریاں تفویض کیں۔۔۔پچھلے دو دن میں اسٹالز کی بکنگ خاصی زیادہ تھی ۔اس کا جائزہ لیا ۔بک اسٹال کے لیے کتب خریدنا تھیں۔ مکتبہ جانے کے لیے شہلا لقمان ہمراہ چلیں۔۔۔الحمدللہ دل کو یکسوئی ہوئی جب  کاموں کی ایک شکل سامنے آئی ۔۔ 

جمعہ کادن ! معمول کی قرآن کلاس تھی !  حیرت انگیز طور پر وہ بے چینی نہیں تھی جو امتحان سے ایک روز قبل ہوتی ہے 

 بلکہ ایک خوشگوار سے جذبات تھے !  مصروفیت کا سارا زور فون پر تھا ! چونکہ تشہیری پوسٹ میں سمیرا ابراہیم نے ہمارا نمبر برائے رابطہ دیا تھا لہذا اسٹالز کی بکنگ اور ادائیگی کے لیے سب ہمیں ہی فون کررہے تھے ۔خیر اپنا حدف مکمل ہوتے ہی ہم نے بکنگ ختم کردی  اور اطمینان سے سوگئے ۔۔

*8 فروری 2025 ء

آج بازار ڈے تھا لہذا وقت سے پہلے انتظامات کے حوالے سے پہنچنا تھا! 

  10 بجے جب ہم پہنچے تو اسٹالز لگ رہے تھے ۔۔رخسانہ جاوید ، شہلا لقمان بھی پہنچ گئی تھیں ۔آمنہ خاتون کا گھر تو سامنے ہی تھا جہاں سے کافی امداد مل رہی تھی ۔۔نگران نجیبہ نذیر بھی مدد گاروں کے ساتھ   آپہنچیں اور جنریٹر وغیرہ کے انتظام کی نگرانی کی ۔ کشور ظفر نے اسٹالز پر نمبر لگانے شروع کیے ۔فرحانہ ریاض بھی ساز و سامان کے ساتھ موجود تھیں۔۔۔

دھوپ کی تمازت بتارہی تھی کہ آج گرم دن ہوگا  لہذا اسٹالز کے اوپر بھی ڈھانکنے کا انتظام کروایا ۔ساونڈ سسٹم لگایا گیا ۔

تھوڑی دیر میں ہی اسٹالز لگانے والوں کی آمد شروع ہوگئی ۔۔ ساتھ ہی ہمارے رضاکار بھی آنے لگے ۔۔سمیرا فاروقی اپنی بھانجی کے ساتھ کتب کارنر سجانے لگیں اور سمیرا ابراہیم اپنے پودوں کا اسٹال!!۔ س کے علاوہ *استقبالیہ* کے لیے مہرالنسا اپنی ٹیم کے ساتھ موجود تھیں۔ 

اس موقع پر کچھ نئے افراد جن سے مدد لینی تھی ان کی معذرت کے پیغامات آنے لگے۔ 

ان کے ذمے پوسٹرز بنا کر اسٹالز پر لگانے تھے ۔اب کیا کریں ؟ (اس موقع پر ٹین ایجرز کے استعمال میں آنے والے فقرے جو ہمیں بہت ناپسندیدہ لگتے ہیں خود بخود ذہن میں آنے لگے یعنی ٹوپی کروادی ! ۔۔۔۔۔۔)۔ 

خیر اب ہمیں اپنی بہن کا انتطار تھا جن سے اسٹیشنری منگوائی تھی۔۔۔وہ بھی آ پہنچیں۔تو جلدی جلدی پوسٹرز تیار کیے ۔۔

!یہاں ہمارے کارنرز کا بھی ذکر ہو

*کڈز کارنر* اور *یوتھ کارنر* کی نگران روبی خان                    اپنی ٹیم کے ساتھ تھیں ۔

*ہیلتھ کارنر* کی نگران ڈاکٹر صدف نے نامساعد حالات کے باوجود اپنا اسٹال سیٹ کرلیا تھا اور کمک آنے تک اس کو سنبھالتی رہیں 

*غزہ/ کشمیر کارنر* کا زکر بہت ضروری ہے!  ماہین کسی فرمانبردار بچے کی طرح توقع سے بہتر کام کرتی ہیں ماشاءاللہ ! بڑی رونق تھی یہاں ! بچے یحیی سنوار کے آخری لمحات کی ادائیگی بہترین انداز میں کررہے تھے ! 




ایک اور فرمانبردار بچہ یعنی منیزہ بہت دور ہونے کے باوجود اپنے حصے کام کر رہی تھیں۔۔۔اپنے متبادل کے طور پراپنی بھانجی عکاشہ کو بھیجا تھا جو اپنے سخت شیڈول کے باوجود بچوں سمیت ذمہ داری نباہ رہی تھیں!

اب ظہر کا وقت ہوگیا تھا ۔اس وقت محفل جوبن پر آچکی تھی 

 عاتکہ بچوں کے ساتھ شریک ہوئیں ۔نمرہ بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنے کو تیار تھیں۔۔الخدمت کے اسٹال پر ناظمہ ابراہیم  اپنے ساتھیوں کے ساتھ بیٹھی تھیں۔۔ نائلہ حسینی بھی ہماری مدد کو موجود تھیں۔ رقیہ احسان بھی ایک اپنائیت کا ماحول بنائے ہوئے تھیں 

ساونڈ سسٹم کے بحال ہوتے ہی ہماری اناؤنسر اعلی طارق نے کاروائی شروع کردی ! دھوپ کی وجہ سے شرکاء کی آمد سستی کا شکار تھی ایسے میں مہمیز کرنے والے اعلانات یقینا لوگوں کو متوجہ کر رہے تھے ۔

یہاں یہ بات ہے کہ نہ اسٹیج تھا نہ اسکرین ! گویا رونق لگانے کا مکمل انحصار ہمارے آڈیو سسٹم میں تھا! نغمے،  ترانے ہر کان تک پہنچ کر اپنا پیغام پہنچا رہے تھے! 

2 بجے کے بعد شرکاء کی آمد میں اضافہ دیکھنے میں آیا َ

اتفاق سے استقبالیہ اور اس کے خیر مقدمی پوسٹرز لکھنے سے رہ گئے تھے  لیکن  مہر النسا نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ یہاں خوشگوار ماحول رکھتے ہوئے اس کمی کا احساس نہ ہونے دیا

افراد کار کی کمی کا سامنا ضرور نظر آیا۔۔اسی کا نتیجہ تھا کہ ہمیں بار بار اپنا قرطاس تبدیل کرنا پڑ  رہا تھا ! کبھی انتظامیہ تو کبھی نظم و ضبط تو کبھی صفائ تو کبھی خدمت !  !  

اور حد یہ تھی کہ نجیبہ نذیر جنہیں افتتاح کرنا تھا اپنے ہاتھوں سے میدان میں سے کچرہ سمیٹ رہی تھیں ۔۔۔

ان کے ساتھ کچھ اور ان کے ساتھ کچھ اور بچے بھی لگ گئے ۔اس سے پہلے  انہوں نے میدان کے بیچوں بیچ بہنے والے پانی کے اوپر تختے رکھ کر راستہ صاف کروایا تھا۔۔۔ایک ذمہ دار کی نگاہ کہاں تک جاتی ہے کوئی اندازہ  نہیں کرسکتا ! 

افراد کار کی کمی کی وجہ کیا تھی ؟ 

ضلع کا ایک پروگرام جس میں  منتطمین کی کافی تعداد کو ضروری شرکت کرنی تھی ۔۔جن میں افراح، سارہ ذیشان، ڈاکٹر اسما احمد، قرۃالعین کے علاوہ ہماری ٹاؤن کونسلر سعیدہ اشرف شامل تھیں

یہاں پر ناظمہ علاقہ  صائمہ خورشید کا زکر لازمی ہے جو ابتدا سے ہی اس  ایونٹ میں خاص دلچسپی سے شریک رہیں اور انتظامی امور کے سارے معاملات ان کے ذریعے ہی طے پارہے تھے ۔۔ان کی ٹیم خصوصا افسر سلطانہ جنہوں نے غزہ کارنر کے لیے پینا فلیکس تیار کروایا اور گوہر نسرین جو اسٹالز کی بکنگ میں مہارت رکھتی ہیں  انتہائی توجہ اور خوش دلی سے اس سر گرمی میں بھی اپنی مہارت دکھا تی رہیں !

3بجے کے بعد جب ضلع کے پروگرام کے شرکا یہاں شرکت کے لیے پہنچے تو رونق لگ گئی ۔۔اور اسی  وقت خواتین جوق درجوق شرکت کے لیے  داخل ہونے لگیں۔۔ یہ ہی وہ وقت تھا جب کچھ ذمہ داریاں تبدیل ہوئیں اور ہمیں دوسرے علاقوں سے بھی کمک وصول ہوئی ۔ اسما احمد اور سارہ نے کڈز اور یوتھ کارنر بالترتیب  سنبھال لیا اور  استقبالیہ پر اب قرت العین معہ ساتھی نگران  تھیں جبکہ اناؤنسمنٹ کی ذمہ داری اسما نے سنبھال لی ۔

 ہیلتھ کارنر میں ڈاکٹر فائزہ اپنی ساتھی کے ساتھ آموجود ہوئیں۔۔ان کے لیے بہت تعریف  دل سے  بہت دعائیں نکلیں جب معلوم ہوا کہ  اپنے گھر منعقد بڑی دعوت کے باوجود اپنی ذمہ داری سنبھال رہی تھیں 

رونق عروج پر پہنچ چکی  تھی ۔۔خواتین خریداری بھی کر رہی تھیں اور لذیذ پکوان سے لطف اندوز بھی ہورہی تھیں۔۔۔ہم نے بھی قسم قسم کی چیزیں کھائیں اور کھلوائیں  ۔گول گپوں کی مارکیٹنگ بہت ا چھی تھی  ۔اس کے علاوہ حلیم،  آئس کریم ، قسم قسم کے سینڈوچز اور میکرونی، چھولے،دہی بڑے، حلیم ، پزا،شامی کباب ، بن کباب ،کھٹے آلو  ۔۔۔۔۔۔۔اور بہت کچھ !!

سعیدہ اشرف اپنے ساتھ بریانی اور گاجر کا حلوہ لائی تھیں۔۔جن لوگوں کو ملا ان کے مزے تھے اور جن تک نہیں پہنچ سکا وہ اس کی بابت پوچھتے پائے گئے 

   شام ڈھلی تو چائے بننے لگی ۔۔ہم اپنے ساتھیوں کو چائے پلوارہے تھے تو نجیبہ نے ہمیں  کشمیری چائے کا کپ ہاتھ میں تھمادیا۔۔۔ 

جیولری/ خوشبویات، ملبوسات ، ہوزری اور برتن وغیرہ کے اسٹالز بھی موجود تھے جہاں خواتین خوب دلچسپی لے رہی تھیں ہم نے بھی خریداری کی۔۔کچے راشن کا اسٹال بھی تھا جہاں سے ان کی فرمائش پر بیسن اور کھجور خریدی ۔

بچوں کی قوم بے انتہا خوش نظر آرہی تھی کیونکہ انہیں  بلاروک ٹوک  ادھر سے ادھر دوڑنے کی آزادی ملی ہوئی تھی  گویا پکنک کے مزے لے رہے تھے ۔۔مائیں بھی مطمئن تھیں کہ نہ تحفظ کا مسئلہ تھا نہ جگہ کی تنگی !! بچے اپنے اسٹال پر رنگ بھر رہے تھے ، کچھ  گیمز کھیل رہے تھے ۔۔اور پھر جب اسما نے نشانہ بازی کا گیم شروع کروایا تو بہت ہی جوش و خروش نظر آیا۔







ہماری ذمہ داریوں میں ایک اہم کام اس بازار میں  داخل ہونے والے مرد حضرات کو ادب کے ساتھ باہر کا راستہ دکھانا تھا ۔۔

ہاں البتہ ایک کو منع کرتے ہوئے ہمیں افسوس ہوا۔ محلے کی دو بچیاں جن کی والدہ انتقال کر چکی ہیں اپنے والد کے ساتھ شریک ہونا چاہتی تھیں ۔ہم نے ایک بچی کو گود میں لے کر دوسری کی انگلی پکڑ کر پورے بازار کی سیر کروائی ، دلچسپی کے  گیمز کروائے ۔کچھ خریداری ان کے ابو کی اجازت کے ساتھ ہی ہوئ ۔

والز آئس کریم والا اندر آنے پر بضد تھا اور عین دروازے پر کھڑا تھا ! کچھ بچوں نے اس سے آئس کریم لینا چاہی تو ہم نے انہیں اسٹال سے لینے پر راضی کیا اور والز والے کو ہٹنے کو کہا لیکن وہ اتنا ڈھیٹ تھا کہ آخر تک وہیں جما رہا!

اس بازار کا وقت 6 بجے تک تھا لیکن شرکاء کے اصرار پر اس کا وقت بڑھادیا گیا تھا لہذا اندھیرا ہونے کے باعث لائٹ کا اہتمام کروایا ۔۔۔بہرحال کھانے پینے کا سامان ختم ، سب تھک چکے تھے لہذا بازار سمیٹ دیا گیا ۔تھکن  بہت تھی لیکن ایونٹ کے انعقاد کی خوشی میں محسوس  رہی تھی! 

ہمیں کئی بار یاد آیا کہ پچھلے سال 8 فروری کو ہی اس جگہ کتنا بھونچال تھا ۔لوگ اپنے  ووٹ کاسٹ کرنے کو مارے مارے پھر رہے  تھے۔

یہاں ہمیں اپنے محلے کے بہت سے لوگ نظر آئے ۔کچھ ایسے بھی جن سے ملاقات کو بوجوہ عرصہ ہوگیا تھا۔۔ایک لڑکی جو دس سال پہلے ہمارے دورہ قرآن میں شریک ہوتی تھی ۔۔شادی کے بعد پہلی دفعہ اپنے بچے کے ساتھ بہت عقیدت سے ملی۔ کچھ بچوں کی خیریت ہم نے دریافت کی تو بولے" ہمیں مما نہیں لے جاتیں! "                              ہم نے بچوں اور اپنے درمیان رکاوٹ بننے پر ماوں سے شکوہ کیا۔ننھی عمارہ اسرائیلی مصنوعات کی بائیکاٹ فہرست بمعہ متباد ل مصنوعات کی فہرست تقسیم کرتی پھر رہی تھی ۔ بہت پیار آیا ! 

س روداد کو ختم کرنے سے پہلے کچھ اور بھی کہنا ہےا

پچھلے سال جنوری 2024 ء میں بھی انتخابات سے پہلے بازار لگا تھا جس میں ہم نے بہن سروری قدیر کے ساتھ مل کر  اسٹال لگایا تھا! انہوں  نے پودے تیار کیے ہوئے تھے اور ہم نے اپنی سلائ کے نمونے رکھے تھے ۔۔دونوں چیزیں ہاتھوں ہاتھ گئیں ۔۔اس دفعہ سروری قدیر بہت یاد آئیں کیونکہ وہ ڈاکٹر کے مشورے کے باعث آرام کر رہی تھیں اور ہم ؟ 

ہمارے پاس اپنے کئی نمونے اسٹال کی زینت بننے کے لیے تیار تھے لیکن امریکی رشتہ داروں کو تحائف میں دے دیے گئے تھے ۔۔۔ ہم نے مزید نمونے تیار کرنے  کی ہمت کی ہوئی تھی لیکن سلائ مشین کی خرابی نے ہمارے ارادوں پر پانی پھیر دیا اور جب وہ بن کر آئ تو اتنا موقع نہیں تھا 

خیر زندگی رہی تو موقع بھی ملیں گے اور ہم نکال ہی لیں گے کچھ نہ کچھ موقع!  ! 

ہم نہ ہمت سے باز آئیں گے

جان جائے گی اور کیا ہوگا!

 

شعر میں *محبت* کو *ہمت* سے بدلنے پر شاعر سے معذرت 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

 


جمعرات، 26 جون، 2025

میری امی جان !

.25/جون ! امی کا یوم وفات ۔۔۔ایک تحریر جو 16 سال پہلے اخبار میں شائع ہوئ تھی اب ڈیجیٹل اشاعت کے لیے پیش خدمت ہے



میری امی جان

ہر بچہ اپنی ماں کو  دنیا کی حسین ترین عورت سمجھتا ہے ! جبھی تو اپنی کلاس فیلوز کو جب امی کی تصویر دکھائی  تو مجھے یاد ہے سیما بول پڑی تھی     "  تمہاری امی تو فلاں اداکارہ کی طرح  حسین ہیں ۔۔۔" اور میرا دل چاہا اس کا منہ نوچ لوں ! بھلا ایک ماڈل گرل میری امی کے حسن کا مقابلہ کرسکتی ہے ؟ یہ بات تو بچپنے اور صرف ظاہری حسن تک  تھی  جبکہ اصل حسن تو ان کے اخلاق میں پوشیدہ تھا جس کا  شعور بہت بعد میں حاصل  ہوا ۔

ایک مستعد ماں کی اولاد ہمیشہ مشکل کا شکار رہتی ہے  کیونکہ وہ ان ہی پیمانوں میں پرکھی جاتی ہے جو اولاد میں کسی درجے میں شاید کبھی ہوتے ہیں ا ور کبھی نہیں ہوتے ۔ اور کتنی عجیب بات ہے کہ حسن صورت میں جو اختیاری نہیں اس پر تو احساس کمتری جبکہ حسن سیرت جو کسی حد تک اختیاری ہے اس میں شدید دوری !شاید ایک انتہا دوسری کو جنم دیتی ہے  لہذا ہم میں سے کوئی بھی اپنی ماں کے بلند معیار اخلاق تک نہ پہنچ سکا !

 امی ! آپ کی مروت سخاوت، سادگی و عاجزی ، نرم خوئی اور انسان دوستی میں کوئی بھی اولاد پاسنگ نہ تھی  اور پھر خود  کو جاذب نظر بنانے کے لیے ہم سب کی توجہ اپنے آپ کو باہنر بنانے میں صرف ہوگئی   ( یہ اور بات ہے کہ ہماری ہر کامیابی آپ کے دیے ہوئے اعتماد اور آزادی کی ہی مرہون منت  تھی) مگر ہماری کوئی ایک مہارت، کوئی ایک کمال بھی آپ کی کسی ایک خوبی کا مقابلہ نہ کرسکا ۔ سب لوگ آپ ہی کے دیوانے رہے اور وقت کے ساتھ یہ بات ہمارے لیے قابل فخر بنتی گئی کہ آپ ہماری پہچان ہیں ۔

 انسان کو اپنی امار ت  کااندازہ مصیبت  اور پریشانی کے وقت  ہوتا ہے اگر سر رکھ کر آنسو بہانے کے لیے ہزاروں کندھے  آپ کو دستیاب ہوں ۔ ہم کتنے امیر ہیں یہ تو ان دنوں پتہ چلا جب آپ بیمار ہوکر ہسپتال میں داخل ہوئیں ۔ کینیڈا سے کراچی ، امریکہ سے اسلام آباد  اور یورپ سے حید رآ باد ایک مستقل رابطہ تھا لوگوں کا جو آپ کے لیے پریشان تھے  ، دعاگو تھے ۔ حالانکہ آپ کوئی عوامی شخصیت نہ تھیں  مگر جو آپ سے ایک دفعہ بھی ملا آپ کا پرستار تھا اور یہ سب تو آپ کی محبتوں کے اسیر تھے ۔

10 جون  2009 ء کو جب انتہائی نا توانی  کے عالم میں آپ  آئی سی  یو میں داخل ہوئیں تو ہم سب بھائی بہنوں کے دلوں میں ایک بات تھی جو زبان پر نہیں آرہی تھی    کہ " یہ وہی تاریخ  ہے جب آج سے 6 سال قبل  اباجان اسی اسپتال کی ایمر جنسی میں ہم سے جدا ہوئے تھے "  اور پھر پورے پندرہ دن تک ہم سب کا مرکز و محور آپ رہیں امی جان ! مسقط سے دمشق اور نارتھ کراچی سے گلستان جوہر ایک دائرہ سابن گیا تھا جس میں ہم سب کی جان موت اور زیست کی کشمکش میں تھی ۔

اس دوران کیے جانے والے ایس ایم ایس اور ٹیلی فون کالز کا حساب فرشتے ہی  رکھ سکتے تھے ۔ آپ کی فائل موٹی ہوتی گئی اور حالت ردی ! آپ کی تیزی سے پگھلتی شمع زندگی کو دیکھ کر دوسرے ہسپتال کو ریفر کرنا ، پھر ایمبولنس کا سفر اور آئی سی  یو میں دوبارہ داخلہ !  اور پھر آپ  کا سائیکوسس  کا شکار ہونا ! کتنی عجیب بات ہے ناکہ  ہم بھائی بہنوں کی کم گوئی اور مردہ دلی اور آپ کی زندہ دلی اور باتونی شخصیت  زندگی بھر کشمکش میں رہی مگر ان پندرہ دنوں میں صورت ھال آہستہ آہستہ بالکل برعکس   ہوتی  گئی ۔ آپ کی زبان  خاموش ہوتی گئی اور ہم سب بول بول کر تھک گئے ۔ آپ کے تبصرے ہوں ہاں  تک محدود  ہوتے ہوتے  اس جزیرے تک پہنچ گئے  جہاں صرف رب کی سرگوشی ہوتی ہے اور کان صرف  و نحن اقرب الیہ منکم کی پکار سنتے ہیں   مگر نہیں ابھی تو کچھ مرحلے باقی تھے ۔

   آپ کی مایوس کن حالت پر ہم سب کے اعصاب جواب دینے لگے ، ڈاکٹرز ناامید اور انتظامیہ اپنے بل سے مطمئن ہوگئی تو پھر ہمارا کارواں  ایمبولنس پر سوار ایک اور اسپتال کی طرف رواں دواں ہوا ، جہاں آکر آپ کی ظاہری حالت تو پرسکون ہونے لگی مگر کانشسس لیول نہ ہونے کے برابر رہ گیا اور صرف اور صرف دعاوں  پر انحصار رہ گیا ۔

 کیسے تھے وہ لمحات  ! ایک مہربان  دین دار لیڈی ڈاکٹر  آپ کی دیکھ بھال پر مامور تھی اور عصر مغرب کے  درمیان فرشتوں کی تبدیلی کے اوقات  جب میں آپ کے سرہانے کھڑی تسبیحات دہرارہی تھی  اور آپ لپک کر  اپنے رب سے ملنے چل دیں ! آپ ہمیشہ لوگوں سے ملاقات کو بے چین رہتی تھیں اور خوش آمدید کہنے کو تیار ! یہ تو رب اعلیٰ کی  پکار تھی ، فرشتے لینے آپہنچے ! کیوں نہ جلدی کرتیں ؟

مجھے ڈاکٹر نے زبر دستی باہر بھیج دیا۔ میں روتی ہوئی آئی سی یو سے نکلی تو ٹی وی اداکارہ عائشہ خان اپنے بھانجے کو دیکھنے داخل ہورہی تھیں۔انہوں نے مجھے گلے لگاکر بوسہ دیا اور توجہ دلائی کہ رونے کا نہیں دعا کا وقت ہے کتنی مبارک گھڑی ملی ہے تمہاری ماں کو.!  کس قدر قابل رشک ہے ان  کی   روانگی !  ان کی تسلی نے مجھے ہمت دی ۔ میں آئی سی یو کے لاونج میں کھڑی  آپ کے اس الوداعی سفر کی اطلاع لوگوں کو دے رہی تھی تو اسی لمحے موبائل پر میاں طفیل محمد کی جدائی کی خبر بھی ملی ۔ آپ ہمیشہ اچھے لوگوں  کے درمیاں رہنا پسند کرتی تھیں لہذا اس موقع پر بھی تنہا نہ تھیں ۔

 جب روحوں کا قافلہ آسمان کی رفعتوں میں  داخل ہوا ہوگا تو فرشتے بھی ان پر رشک کر رہے ہوں گے ۔آپ صرف زمینی نہیں آسمانی مخلوق میں بھی مقبول رہی ہوں گی   جبھی تو ہم سب پر ایک سکینت طاری ہوگئی ہے !  شب جمعہ میں تدفین کے بعد بارش کا نزول ! اللہ آپ کی ہر منزل آسان کرے آمین  اور امید ہے کہ ان شاء اللہ  ایسا ہی ہوا ہوگا کیونکہ آپ کی وفات کے بعد اندازہ ہوا کہ بہت پر آسائش زندگی گزارنے کے باوجود آپ کا سامان زیست بڑا مختصر نکلا ۔ سب کچھ تو آپ اپنے ہاتھوں سے تقسیم کر چکی تھیں ۔ یقینا حساب کتاب میں ہلکی رہی ہوں گی  اور یہ ہی دعا آپ کی ڈائری کے آخری تحریر کردہ صفحے پر الحسیب کی تشریح میں لکھی تھی ۔

 یہ وہی ڈائری ہے جو آپ باقاعدگی سے لکھتی تھیں اور جو آپ کے اسپتال کے قیام کے دوران بچے  بحفاظت لیے پھر رہے تھے کہ نانی/ دادی  واپس آکر لکھیں گی اور اب مایوس ہیں کہ اسے کون مکمل کرے گا ؟  آدھی ڈائری تو  خالی ہی رہ گئی ہے ۔ بچوں کو تو یہ افسوس بھی ہے کہ وہ ڈھیروں کہانیاں جو چھٹیوں میں  آپ سے سننے کے لیے جمع کی تھیں اب کون سنائے گا ؟

 اپنے اپنے افسوس کے ساتھ ہم سب آپ کی جدائی پر نڈھال ہیں  مگر آپ کی خوش قسمتی پر رشک آرہا ہے  کہ آپ ہمیشہ لوگوں کے درمیان خوش اور مطمئن رہتی تھیں ۔ زندگی کی بڑھتی ہوئی مصروفیات نے میل جول کم کردیا تو بھی ٹیلی فون کے ذریعے لوگوں سے رابطے میں  رہتی تھیں ۔ اب وہاں بھی اپنے بہن بھائی ، شوہر، سہیلیوں اور دیگر رشتہ داروں کے ساتھ مصروف اور مطمئن ہوں گی  اور ننھی فضہ نے تو چونکا دیا سب کو یہ کہہ کر کہ  نانی اپنے بچوں کے ساتھ آرام سے جنت میں پھل کھا رہی ہوں گی !ہم سب کے استفسار پر بولی ۔۔" آپ کو پتہ نہیں آپ کے تین بہن بھائی پہلے سے اللہ میاں کے پاس موجود ہیں ۔۔"

اف یہ بچے ! کس قدر زبردست تخیل رکھتے ہیں ۔ہم سب کو یہ بات  معلوم تھی لیکن خیال ہی نہ رہا کہ ۔ یہاں آپ اپنی اولاد کو دیکھ کر تقویت حاصل کرتی تھیں کہ جن کی تمام سرگرمیاں  ، دلچسپیاں اور مصروفیات آپ کے گرد گھومتی تھیں ۔ گھر کا مینو ہا یا ترتیب ، کوئی دعوت ہو یا پروگرام ۔۔۔آپ کو محور بنا کر مرتب کیا جاتا تھا  اور اس پر آپ کا احساس تشکر ہم   سب کے لیے  خوشی کا باعث ہوتا تھا  اور اس خوشی سے آپ وہاں بھی محروم نہیں ہیں! کتنا دلآویز تصور دیا ہے اس بچی نے !!

اسی طرح اور بہت سی باتیں اپنے بچپن، اپنی زندگی، اپنے اسکول ، اپنے اساتذہ ، اپنے دوستوں اور کھیل کھلونوں کی جو آپ نے اپنی اولادوں اور ان کی اولادوں کے ساتھ  شئیر کی تھیں ۔ایک خوبصورت سرمایہ ہے ان سب کے لیے !  ہم سب کے لیے آپ کا سرمایہ ، آپ کی قناعت و توکل اور انسانیت کی فلاح کا اجتماعی تصور ہے جس پر ہر ایک اپنی اپنی تشریح کے مطابق عمل پیرا ہے ۔

 مجھے یاد آرہا ہے کہ اپنی گویائی معدوم ہونے سے پہلے آپ نے مجھ سے قلم کے بارے میں  دریافت کیا ۔ میں نے پوچھا آپ کچھ لکھیں گی ؟ تو کہنے لگیں نہیں تم لکھو ۔ یہ اس بات کا واضح اشارہ تھا  کہ میں ان کی کیفیات ، اسپتال کے حالات ، اور انتظامیہ کے رویے کے بارے میں لکھوں ۔یہ ان کی مجھ سے امید تھی ۔ان کی خواہش اپنی جگہ مگر میری تحریریں آپ کی حوصلہ افزائی سے ہی تو نمو پاتی تھیں ۔اب ان میں وہ رنگ کہاں سے آئے گا ؟ ماں سے محرومی کا دکھ تو موسیٰ نے بھی سہا تھا ۔ اب ہمیں بھی ایک ملال اور فکر مندی کے ساتھ زندگی گزارنی ہے !

امی سے زندگی بھر ہم شاکی رہے کہ  آپ دوسروں کو ہم پر ترجیح دیتی ہیں ۔ مجھے یاد ہے ایک دن میرے اس شکوے پر آپ بول پڑی تھیں  

  " تمہیں اسلام آباد جانا تھا ، اگر میں نہ جگاتی تو تمہاری فلائٹ چھوٹ جاتی ۔ تمہا را انٹر کا پریکٹیکل تھا ، کتنی بارش تھی جو میں تمہیں لے کر گئی تھی ۔۔"  اور میں غصے میں ہونے کے باوجود آپ کا بازو پکڑ کر ہنس پڑی تھی  آپ کی معصو میت اور سادگی پر !  آپ سے کہہ نہ سکی تھی مگر آج اس کالم کے ذریعے کہنا چاہتی ہوں کہ آپ آن چھوٹے چھوٹے احسانات کو مت یاد دلائیں ! یہ تو ایسے ہیں جیسے بڑے بڑے ذخائر سے گرنے والے چند موتی !  ہماری تو زندگی ہی آپ کی احسان مند ہے ( اور یہ جاننے کے بعد کہ ایک نایاب ترین بلڈ گروپ رکھنے کی وجہ سے اولاد کی پیدائش کتنا بڑا رسک تتھی آپ کی زندگی کے لیے ! جس کو اٹھا کر آپ نے ہم سب کو جنم دیا ۔ اس احسان  کا بار کئی گنا بڑھ گیا ہے )

 بس  آپ ایسی ہی تھیں ۔ بچوں کی طرح معصوم جو بہت قیمتی اشیا ء کے مقابلے میں معمولی چیزوں سے بہل جاتے ہیں ۔ مگر آپ کا درجہ اور احسان اتنا سطحی نہیں ہے ۔ اس کے لیے تو قیمتی سے قیمتی انعام بھی ہیچ ہے ۔ میرا دل چاہ رہا ہے کہ میں اشتہار میں آنے والے بچے کی طرح ڈائس پر کھڑے ہوکر ساری دنیا کو بتادوں :

 " میں آپ کے احسانااات نہیں گن سکتی ۔ میری زندگی کی ہر کامیابی کی اصل حقدار آپ ہیں امی جان !!"

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فرحت طاہر 

 :نوٹ 

اپنی ماں کے متعلق لکھنا پچھلے 20/ 25 سال سے  ایجنڈے میں تھا ۔۔شاید چینلز کے ذریعے مدرز ڈے کی خصوصی نشریات کا اثر تھا ۔لیکن حیرت کی بات ہے کہ امی کے متعلق جب بھی کچھ لکھنا شروع کیا خواہ کاغذ قلم سے یا کی بورڈ کے ذریعے، وہ تکمیل نہ پاسکا اور حتی کہ حذف بھی ہوگیا ۔۔۔😥

!شاید اس کی وجہ یہ رہی ہو کہ امی کا تشہیر سے اجتناب کا رویہ ہمارے آڑے آتا رہا ہو

زیر نظر تحریر کا بیشتر حصہ اس وقت لکھا گیا جب میں ان کے ساتھ اسپتال میں تھی ۔۔مجھے لکھتے دیکھ کر ڈاکٹرز اور اسٹاف اکثر چوکنا ہوکر میرا ذریعہ معاش پوچھنے لگتے کہ کہیں میں ان کے خلاف کوئ رپورٹ نہ لکھ رہی ہوں😋

اپنے احساسات کو ان کے انتقال کے بعد اشاعت کے لیے بھیج دیا جو فورا ہی شائع ہوگیا ۔۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اپنے اصلی نام کے بجائے کنیت کا سہارا لیا لیکن اس کے باوجود بہت سوں نے پہچان کر فون پر اپنا تبصرہ دیا ۔

نوٹ : اگرچہ اس مضمون کو دوبارہ شائع کرنے میں تبدیلی کی بہت گنجائش تھی لیکن ماسوائے کچھ انگلش الفاظ حذف کرنے کے اس کو جوں کا توں ہی شائع کر رہی ہوں کہ یہ اس وقت کی ذہنی کیفیت کو درست انداز میں ظاہر کر سکے ۔۔

ہفتہ، 21 جون، 2025

بدلتی رت

 


 بدلتی رت

 

نومبر 1970 ء 

حیدرآباد، سندھ

" چچی جان !  شاہینہ کو چھوڑ جائیں ! ابھی تو الیکشن  کی وجہ سے  اسکول بند ہوں گے !۔۔۔" روحی نے اپنی چچی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا

 شاہینہ اور اسکے بہن بھائی اپنی والدہ کے ہمراہ  عید منانے تایا جان کے گھر  کراچی سےآئے ہوئے تھے ۔ ملک کے حالات  اورچھوٹے بچوں کے ساتھ سفر آسان نہیں تھا   لیکن چونکہ  دادی جان بھی  یہاں تھیں اور ان کے ابا ملک سے باہر تھے تو یہ ہی مناسب فیصلہ تھا۔

" نہیں بالکل نہیں ! امی ووٹ ڈالنے جائیں گی تو پپو کو کون سنبھالے گا ؟  " ماجد بھائی نے شاہینہ کا  بازو پکڑتے ہوئے کہا   تو سب ہنس پڑے ۔ امی جان نے پیار سے اپنے  بارہ سالہ بیٹے کو دیکھا جو اپنےوالد کی غیر موجودگی میں بہت ذمہ دار بن گیا تھا اور بول پڑیں ۔

"   ہاں بھئی میرا ماجد اخبار پڑھتا ہے ،ریڈیو پر خبریں سنتا ہے  اور پنے نانا کے ساتھ بیٹھ کر گفتگو کرتا ہے ۔  اس کے سیاسی شعور  کو ہرگز ہلکا نہ لیں ۔۔۔" 

اس محفل کے ساتھ ہی الوداعی لمحات آگئے  اور وہ سب کراچی  واپس ہولیے۔

 گھر پہنچتے ہی امی جان تو  گھر کے کاموں میں لگ گئیں اور بچے شام ہوتے ہی محلے میں کھیلنے چلے گئے۔ چونکہ  عید پر یہاں نہیں تھے تو بہت سی باتیں کہنی سننی تھیں ۔ عیدی کا حساب کتاب پوچھنا  اور بتانا تھا۔

 شاہینہ گلی میں نکلی تو عالیہ اپنے چھوٹے بھائی کو کمر پر اٹھائے عید کی باقیات چشمہ، گھڑی پرس لٹکائے آتی نظر آئی ۔ لیکن شاہینہ کو اپنی طرف بڑھتے دیکھنے کے باوجود نظر انداز کرتے ہوئے  عبد الحنان کےگھر گھس گئی ۔ شاہینہ حیرت زدہ رہ گئی کیونکہ ان دونوں کے گھروں میں بالکل آمد و رفت نہیں تھی۔ باوجود اس کے کہ ان کی زبان ایک تھی ۔عبد الحنان   کاگھرانہ شدید  مذہبی تھا جبکہ عالیہ کے گھر میں  جدیدیت تھی ۔شاہینہ  اپنے بھائیوں کے ساتھ  کبھی کبھار  عبد الحنان کے گھر چلی جاتی تو اس کی امی زبان نہ جاننے کے باوجود  اس کی آؤ بھگت کرتیں کہ ان کی کوئی بیٹی نہ تھی۔ ان کو کٹھل اور ناریل کی مٹھائی کھلاتیں ۔ عبد الحنان اور اس کے بھائی  بھی شاہینہ کا بھرپور سواگت کرتے  تھے۔

عالیہ کے پیچھے پیچھے شاہینہ بھی اندر داخل ہوئی ۔  وہ سب باغیچے میں بنے حوض میں کاغذ کی کشتیاں بنا کر ڈال رہے تھے۔ ہنس ہنس کر ایک دوسرے سے بنگالی میں باتیں کر رہے تھے ۔ شاہینہ کو دیکھتے ہی  عالیہ نے نہ جانے کیا کہا کہ وہ سب  قہقہہ لگا کر ہنس پڑے۔  ابھی شاہینہ کچھ سمجھ ہی رہی تھی کہ ماجد نے آکر اس کا ہاتھ پکڑا اور گھر واپس لے گیا۔  ان دونوں گھروں  میں  آنے جانے کی پابندی   شاہینہ کو کچھ سمجھ آئی کچھ نہیں !  بہر حال  اس دن کے بعد وہ دونوں گلی میں  بالکل نظر نہیں آئے ۔  بچوں کی کمی نہ تھی لہذا شاہینہ اور اس کے بہن بھائی  دوسرے بچوں کے ساتھ کھیلنے لگے ۔

 ایسے میں انتخابات  کا دن بھی آگیا۔جس کی خصوصی  نشریات  جمیلہ آنٹی کے گھر لحافوں میں گھس کر  ٹی وی    دیکھنے میں بڑا لطف آیا ۔ مزیدار چٹکلے  اور مختلف ڈرامے  سے لطف اندوز ہوئے لیکن نتائج بڑوں کو  تفکرات میں مبتلا کر رہے تھے ۔ بد ترین اندیشوں کی تصدیق ہوتی جارہی تھی  ۔ نیاسال نئی  پریشانیاں لے کر وارد ہوا ۔ مشرقی پاکستان سے پریشان کن خبریں آنے لگیں اور پھر بالآخر جنگ کا        بگل بج گیا ۔ خندق اور بلیک آؤٹ بچے پہلی دفعہ سن رہے تھے ۔ چھوٹے بچوں کے کانوں میں روئی ٹھونس دی جاتی تھی کہ بم کی آوازوں  سے متاثر نہ ہوں ۔ خندق میں   نت نئے کھیل ہوتے ۔ کبھی باہر نکلتے تو بچے آپس میں  ملاقات کرتے   مگر کھیل نہ پاتے کہ کوئی نہ کوئی آنٹی  بچوں کو دعائیں پڑھوانے میں لگ جاتیں ۔ جنگ ختم ہوئی اور سب خندقوں سے باہر آئے لیکن یہ کیا  ؟سب بڑے رو رہے تھے ۔ ننھی شاہانہ نے امی کو روتے دیکھا تو بولی

"۔۔۔۔ابا کو بلالیں وہ ٹھیک کردیں گے !   "                                               امی نے اسے گلے سے چمٹا لیا ۔

 شاہینہ کی پھوپھی مشرقی پاکستان میں رہتی تھیں ۔ ان سے رابطے کم ہوتے ہوتے ختم ہوگئے تھے۔ لیکن پھر ابا جان کے ذریعے ریڈ کراس کے تعاون سے ان کی خیریت کی اطلاع ملی اور پھر وہ لوگ بھی کراچی آگئے ۔ بدحال اور لٹے پٹے ! پھوپھی کے بچے سنبل اور صباح الدین شاہینہ اور اسکے بھائی کے ہم عمر تھے ۔ سنبل نے بتایا کہ بلبل اورجھرنا ان کےپڑوسی  اور دوست تھے ۔ ساتھ  کھیلتے اور اسکول جاتے تھےلیکن انہوں نے ہم سے بات چیت بند کردی ۔ اگر کبھی ضرورت پڑتی تو انگریزی میں بات کرتے کہ اردو ہماری زبان نہیں ہے ! تو کیا  انگریزی   ان کی زبان ہے ؟  شاہینہ نے بات کاٹی

 " نہیں  بنگالی ۔۔۔!           "   " اور انہوں نے ہمارے قائد اعظم اور پاکستان  کو گالیاں دیں ، ان کی تصاویر  پھاڑیں ، پاکستان کے جھنڈے کو آگ لگائی ۔۔۔۔"

اوہ ! ۔۔۔"                                                      شاہینہ نے اپنی بات کہی ۔

عالیہ کے  گھروالے  آزادی کا گیت گاتے   یہاں سے روانہ ہوگئے۔ عبد الحنان کے گھر تالا لگ گیا ۔ سب سے زیادہ غم بچوں کو قاری صاحب کے جانے کا تھا ۔ ابھی تو شاہانہ، ساجد، امجد کا قرآن نامکمل تھا۔ ننھا پپو جس کا نام راشد منہاس کی شہادت کے بعد راشد رکھ دیا گیا تھا ۔  اگر اسے کوئی  ڈانٹتا  تو اپنی توتلی زبان میں کہتا کہ کیا میں بنڈالی ہوں جو مجھے ڈانٹ رہے ہیں !! "                                 حالات بدلنے لگے تھے ۔

اسکول میں  بچوں نے کاغذ زمین پر پھینکے ہوئے تھے ۔ پرنسپل مسز شاہ نے اسمبلی میں بچوں کو بہت ڈانٹا ۔

"۔۔۔آپ کو پتہ نہیں ہے مشرقی پاکستان ہم سے جدا ہوگیا ۔ کاغذ  وہیں سے آتا تھا  ۔ اب ہمیں مہنگا باہر سےمنگوانا پڑے گا ! "

   آہ مشرقی پاکستان !!! نقصان کاتخمینہ الگ  یہاں تو نفرت کے دریا بہنے لگےتھے  دونوں بازوؤں میں !

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

نومبر 2010 ءء

مکہ مکرمہ

شاہینہ ،  بھائی  اور خاندان کے دوسرے  افراد حج پر آئے ہوئے تھے ۔ منیٰ میں  ارکان حج کی ادائیگی تھی ۔ نا اہلی کہیں یا بد  دیانتی کہ تمام ادائیگی کے باوجود ان کی رہائش    کا  انتظام بہت ناقص تھا  چنانچہ وہ سڑکوں پر شرطوں کی ڈانٹ سن کر رل رہے تھے   ۔  ایسے میں شاہینہ اپنے گروپ سے بچھڑ گئیں ۔ کراچی سے ان کی بیٹی کا فون آیا تو وہ حالات جان کر پریشان تھی۔ ان کی بات سن کر قریب سے ان کی بیٹی کی ہم عمر   لڑکی ان کے قریب آگئی کہ مدد کر سکے ۔ لیکن ان کے درمیان زبان کی رکاوٹ تھی کہ شاہینہ کو بنگالی نہیں آتی تھی اور  اس کو اردو۔  بد قسمتی کہ عربی سے دونوں ہی  ناواقف تھیں چنانچہ ان کو  انگریزی کا سہارا لینا پڑ رہاتھا۔

 سویرا نام کی اس لڑکی نے شاہینہ کو سہارا دیا اور اپنےفون سے ان کے گروپ کے لوگوں سے بات  کروائی کیونکہ ان کے فون میں بیلنس ختم ہوگیا تھا۔اس نے شاہینہ کو  بتایا کہ   اس کی والدہ  کا بچپن  پاکستان میں  گزرا ہے ۔۔۔مزید تفصیل سے معلوم ہوا کہ وہ عالیہ ہی کی بیٹی ہے ! سویرا نے بتا یا کہ میں اپنے تینوں بچوں کو انہی کے پاس چھوڑ کر آئی ہوں ! لمحے بھر میں چالیس سال  پرانے  واقعات اور چہرے  گھوم گئے ۔شاہینہ کا بس نہیں چل رہاتھا کہ اس بے سرو سامانی  کے باوجود  کچھ تحفہ،  کوئی یادگار عالیہ اور اس کی بیٹی کے لیے  دے لیکن اس کی مہلت ہی نہ آئی ۔ ایک مرد جو یقینا سویرا کاشوہر  تھا ۔ اس کا ہاتھ پکڑ کر غصے سے لے  گیا ۔اس کاگروپ ساتھ  تھا جو حقارت سے شاہینہ کو دیکھ رہاتھا ۔ وہ اپنی بیوی کو گھرک رہا تھا کہ پاکستانیوں سے رابطہ رکھنا ہماری حکومت کے لیے کتنا نا پسندیدہ ہے !اتنے میں شاہینہ کے گھر والے بھی اس کو ڈھونڈتے آپہنچے اور وہ سب بھیڑ میں گم ہوگئے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اگست 2024 ء

 ڈھاکہ

بریکنگ نیوز : احتجاجی مظاہرے میں شریک تقریبا    50 لاکھ افراد نے حسینہ واجد کے استعفی اور ملک سے فرار کے بعد اپنے مطالبات کو تسلیم کروالیا َ

ہر طرف خبریں تھیں ، تجزیے تھے ، !   "فضا  " امی کہ ، تمی کہ ؟  رجا کار ، رجا کار!"  ( ہم کون ؟ تم کون ؟ رضا کار ، رضاکار ) کے نعروں سے گونج رہی تھی 

شاہینہ سوشل میڈیا  کے ذریعے  بدلتی رت کا نظارہ کر رہی تھی ۔ یہ شاید ان ہی   بہت سے لوگوں کی روحانی نسل تھی جو  اپنے ہی ہم زبانوں کے ہاتھوں تختہ دار پر چڑھ گئے ۔کتنوں نے قربانیاں  دیں  ، ایک جہد مسلسل تھا  جو ظلم کے خلاف روا رکھا گیا  اب یہ ہی  افراد بھارت کی غلامی سے آزاد ہوکر فتح کا جشن منارہے تھے۔ بھارت سےمنسلک ہر چیز تہ و بالا کی جارہی تھی ۔  

۔۔۔۔شاہینہ  سوچ رہی تھی یقینا ان لوگوں میں عالیہ اور عبد الحنان جیسے  گھرانے  بھی ہوں گے جو اپنی   ترپن سالہ پرانی  غلطی کی تلافی کررہے ہوں گے !!

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 فرحت طاہر

 کراچی